پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈکے اوپنرز نے ہی 17.3 اوورز میں شاہینوں کو آؤٹ کلاس کردیا ۔نیوزی لینڈ کی طرف سے اوپنرز مارٹن گپٹل نے 87 اور کین ولیمسن نے 72 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی جبکہ انہوں نے ٹی 20 کی سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ بھی قائم کیا ، انہوں نے اوپننگ کرتے ہوئے 171 رنز کی شراکت داری قائم کی ہے۔کیوی پلیئر مارٹن گپٹل نے آخری گیند پر شعیب ملک کو چوکا جڑ کر اپنی ٹیم کو شاندار فتح سے ہمکنار کرایا ۔پاکستانی بولرز کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
پاکستان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں عمر اکمل کے 56 رنز کی بدولت 168 سکور بنائےتھے۔ پاکستان کی طرف سے
اوپنر محمد حفیظ نے 19، احمد شہزاد 9 ،صہیب مقصود 18 ، شعیب ملک 39 ، کپتان شاہد آفریدی 7 ،عماد وسیم 8 جبکہ سرفراز احمد 1 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔پاکستان کی ٹیم میں وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا گیا تھا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 بڑی تبدیلیاں کی گئیں۔ کیوی ٹیم میں ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری کو آرام دیا گیااوران کی جگہ روس ٹیلر اور مچل میک گلینگن کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی جارہی ہے جس میں پاکستان کو عبرتناک شکست کے بعد سیریز 1.1 سے برابر ہوگئی ہے ۔ سیریز کا آخری میچ 22 جنوری کو کھیلا جائے گا۔